ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اومیکران معاملہ میں حکومت عوام میں دہشت نہ پھیلائے: ڈی کے شیو کمار

اومیکران معاملہ میں حکومت عوام میں دہشت نہ پھیلائے: ڈی کے شیو کمار

Thu, 09 Dec 2021 12:05:55    S.O. News Service

بنگلورو،9؍دسمبر(ایس او  نیوز)کرناٹک میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اس قدر اضافہ نہیں ہو رہا ہے اور ساتھ ہی اومیکران کے تازہ معاملے سامنے نہیں آئے ہیں،اس کے باوجود حکومت کی طرف سے کورونا کے معاملہ کو غیر ضروری طور پر بڑھاوا دے کر عوام کے دلوں میں خوف ودہشت بٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ الزام کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ڈی کے شیو کمار نے لگایا۔

کے پی سی سی دفتر میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیو کمار نے کہا کہ اومیکران کے متعلق خبریں صرف ٹی وی اور اخباروں تک ہی محدود ہیں۔ ایرپورٹ سے ایک مسافر کے فرار ہوجانے کے متعلق خبر عام کی گئی ہے، اس سے عوام میں انتشار پھیل گیا۔شیو کمار نے کہا کہ بنگلورومیں آئی ٹی شعبہ ہے۔ یہاں ہوٹل سمیت دیگر صنعتیں ہیں۔ صرف ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ دکھا کر شہر میں داخل ہونے کا موقع دیا جا رہا ہے جبکہ جانچ میں سختی لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کووِڈ کی پہلی اور دوسری لہر کے دوران جو لوگ مارے گئے حکومت نے اب تک ان کے ورثاء کو معاوضہ ادا نہیں کیا ہے۔کونسل انتخابات میں مفاہمت کافیصلہ جے ڈی ایس کی طرف سے مقامی رہنماؤں پر چھوڑ دینے کے بارے میں شیو کمار نے کہا کہ اس فیصلہ پر جے ڈی ایس کس حد تک پابندی رہے گی اس سے وہ بخوبی واقف ہیں۔انہوں نے ریاستی بی جے پی کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا کہ کونسل انتخابات جیتنے کے لئے ریاست کی حکمران پارٹی جے ڈی ایس پر منحصر ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25سال ریاست میں کانگریس کو اپوزیشن میں ہی رکھنے کا دعویٰ کرنے والے ایڈی یورپا نے اب جے ڈی ایس کے آگے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کونسل انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کا زیادہ امکا ن نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کونسل انتخابات میں کانگریس کو زیادہ سیٹوں پر کامیابی کی امید ہے۔


Share: